شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)سیاسی وسماجی رہنما وسابق یوسی چیئرمین ملک محمداسلم وٹو نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے جس میں انسانی اقدار روندھی جارہی ہیں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں خواتین کی عزتوں کی پامالی معمول بن چکاہے بچوں بوڑھوں اور نوجوانوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے اورکشمیریوں کو انکی املاک سے بے دخل کرکے ہندؤں کو بسایا جارہا ہے تاکہ آبادی کا تناسب تبدیل کیا جاسکے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر معززین کی کثیر تعداد بھی موجودتھی ملک محمداسلم وٹو نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے بد ترین مظالم اقوام عالم سے ڈھکے چھپے نہیں مسئلہ کشمیر کے حل میں ہونے والی تاخیر خطے میں پائیدارامن کے قیام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جب تک مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا اس وقت تک عالمی برادری کے ضمیر پر انصاف کی فراہمی کی ذمہ داری کو بوجھ موجود رہے گا۔