لاہور(نامہ نگارخصوصی)تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائدمیاں محمد جمیل نے مریدکے میں عقیدہ توحید سیمیناراورریلی سے خطاب کرتے کہاکہ عقیدہ توحیدسے انسانیت کووقارملا،توہم اورمظاہرپرستی کا خاتمہ ہوا۔دنیا ہرقسم کے شرسے محفوظ اورمامون ہوگئی۔ارضی وسماوی مخلوق رب کائنات کی پناہ میں آگئی۔میاں محمد جمیل نے کہا کہ اسلام خالص دین اورحضورنبی کریمؐ کودیے گئے رب کائنات کے احکامات پرمشتمل ہے جو شرک وبدعت کی ملاوٹ سے پاک ہے ۔اس لیے امت پرصرف حضورنبی کریمؐ کی اطاعت ہی فرض ہے ۔انہوں نے کہا جب تک امت حضورنبی کریمؐ کے ارشادات وفرامین پر عمل پیرارہی،عقیدہ توحید وختم نبوت کے تقاضوں کے مطابق عمل ہوتا رہا ،دنیا مطیع رہی۔اطاعت مصطفٰیؐ کا دامن چھوڑدیاتب پوری دنیامیں رسوائی مقدربن گئی۔اس موقع ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام کی کثیرتعدادنے شرکت کی اورعقیدہ توحید وختم نبوت کیلئے تن من دھن قربان کرنے کا وعدہ کیا۔