میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ اہم قومی سرگرمی کی حیثیت اختیار کر چکی،نیول چیف

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ یہ امر میرے لیے انتہائی باعث ِاطمینان ہے کہ 2017 میں شروع ہونے والی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ ایک اہم قومی سرگرمی کی حیثیت اختیار کر چکی ہے جس کا ساتواں ایڈیشن پاکستان نیوی وار کالج لاہورمیں منعقد ہورہا ہے۔ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے موقع پر اپنے پیغام میں نیول چیف نے کہا کہ یہ ورکشاپ میری ٹائم کے شراکت داروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے تاکہ پاکستان کے میری ٹائم پوٹینشل کو اْجاگر کیا جا سکے اور صرف ِ نظر کیے جانے والے میری ٹائم شعبے کو بروئے کارلانے کے طریقوں اور ذرائع کو وسیع کیاجا سکے۔ یہ ورکشاپ حکومت، افواج، شعبہ تعلیم، صحافت اور صنعت کے صاحب ِ بصیرت افرادکو ایک مشترکہ مقصد کے تحت اکٹھا کرتی ہے تاکہ باہم مربوط دنیا میں میری ٹائم سیکیورٹی کے متعلق ہماری سوچ کو فروغ حاصل ہو۔عالمی میری ٹائم منظرنامہ بدلنے کی بدولت ہمارے قریب ترین پڑوس میں واقع بحرِ ہند کو جغرافیائی سیاسی مسابقت اور نیوکلیئرائزیشن جیسے بے مثال چیلنجز کا سامنا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء￿  کی باہم مشاورت بصیرت انگیز ہو اور اپنے میزبان پاکستان نیوی وار کالج میں ان کا قیام خوشگوار ہو۔

ای پیپر دی نیشن