لاہور(خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے اندورن شہر لاہور بھاٹی چوک سے پرانی مچھلی منڈی کی شہر سے باہر منتقلی کے معاملے پر حکم امتناعی کے باوجود مارکیٹ میں دکانیں سیل کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈی سی لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 27نومبر تک ملتوی کردی۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے ظفر اقبال و دیگر ستر دکانداروں کی درخواستوں پر سوموار کو سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل شان سعید گھمن ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے پرانی مچھلی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جس پر عدالت نے مچھلی منڈی منتقلی کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا، اسسٹنٹ کمشنر نے عدالتی حکم کے باوجود دکانیں سیل کر دیں، دکانیں سیل ہونے سے کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، عدالت انتظامیہ کو دوکانیں ڈی سیل کرنے کا حکم دے۔عدالت نے ڈی سی لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی۔
مچھلی منڈی شہر سے باہر منتقلی کامعاملہ‘ڈی سی لاہور سے رپورٹ طلب
Nov 26, 2024