لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 47ویں اجلاس میں اریگیشن اور روڈ سیکٹرز کی 2ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 6 ارب 45کروڑ 88لاکھ 75ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی، ان میں پانی کی ترسیل اور نقل و حمل کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں آبپاشی چینلز کی کنکریٹ لائننگ کیلئے 3 ارب 99کروڑ 52لاکھ 93ہزار روپے اور گجرات لنک روڈ کو انڈسٹریل ایریاII- سے منسلک کرنے کے سلسلہ میں سروس فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 2 ارب 46کروڑ 35لاکھ 82 ہزار روپے شامل ہیں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔
اریگیشن، روڈ سیکٹرز کی 2 ترقیاتی سکیموں کیلئے ساڑھے 6 ارب کے فنڈز کی منظوری
Nov 26, 2024