پی ٹی آئی احتجاج ملک دشمنی کے مترادف ‘ دھرنوں سے اجتناب کرے‘ گورنر  

Nov 26, 2024

لاہور ( این این آئی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے بیلا روس کے وفد کا پاکستان آنا ملکی معیشت کے لئے خوش آئند ہے، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔ یہ بات اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس میں پیر ناظم حسین شاہ کی قیادت میں علماء مشائخ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ گورنر پنجاب نے کہا بیلا روس کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان میں معاشی بہتری کے لئے آ یا ہے اوربد قسمتی سے دارلحکومت پھر ایک دفعہ حملہ آوروں کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی احتجاج کی کال اس وقت ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا پی ٹی آئی سے مطالبہ ہے دھرنوں کی سیاست سے اجتناب کریں اور مذاکرات کی میز پر بیٹھیں اسی میں ملکی بہتری ہے۔ اُنہوں نے کہا جب بھی ملکی معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری ہونے لگتی ہے تو پی ٹی آئی کبھی دھرنوں اور کبھی احتجاج کی آڑ میں وفاق پر حملہ آور ہوجاتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے اس ملک کے خلاف بیان دیا ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے کہتا ہوں سیاست کے لئے ملک کی سلامتی پر حملہ آور نہ ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھا ہے اور 3کھرب روپے کا قرضہ ری شیڈول کرانے میں سعودی عرب کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا علماء مشائخ نے ہمیشہ ملک کی سلامتی کے لئے بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ دین اسلام ہمیں امن و سلامتی کا درس دیتا ہے۔ملک میں ہونے والی دہشت گردی امن وامان کے لئے بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ ملک سے دہشت گردی کے قلع قمع کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق پیداکرنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کرم ایجنسی میں ہونے والی دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ۔اس موقع پر وفد نے کہا صدر زردار ی کاآپ کوگورنرپنجاب بنانے کا فیصلہ قابل ستائش ہے۔وفد نے ہر خاص و عام کے لئے گورنر ہائوس کے دروازے کھلے رکھنے پر گورنرپنجاب کے کردار کوسراہا۔     

مزیدخبریں