پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لئے خون ریزی نا قابل قبول ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سری نگر ہائی وے پر رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، پولیس و رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کے لئے مامور ہیں۔ 

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انتشاری ٹولے کے ہاتھوں شہید سکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کردی گئیں، انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور آج شہید کیے گئے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلِ خانہ کو جوابدہ ہے، انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں خونریزی چاہتا ہے، یہ پُرامن احتجاج نہیں شدت پسندی ہے اور پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لئے خون ریزی نا قابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونے والے رینجرز و پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حملے میں گاڑی سے کچلے گئے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی، وزیرِ اعظم نے واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی، شہباز شریف نے حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن