پی ٹی آئی احتجاج تیسرا روز، قافلے جی 11سے ریڈ زون کی جانب رواں دواں، بشریٰ بی بی کا ہر صورت ڈی چوک جانے کا اصرار

Nov 26, 2024 | 13:05

 پاکستان تحریکِ انصاف کے احتجاج کاتیسرا روز،بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ جی 11 سے ریڈ زون کی جانب سے رواں دواں،پی ٹی آئی کارکنان چھبیس نمبر چونگی سے بشریٰ بی بی کی قیادت میں ریڈ زون کی طرف روانہ ہوئے،بانی پی ٹی آئی عمران خان کے احتجاج کیلئے متبادل جگہ کی حامی بھرنے کے باوجود بشریٰ بی بی نے ماننے سے انکار کردیا۔بشریٰ بی بی کا ہر صورت ڈی چوک جانے کا اصرار۔پولیس احتجاجی شرکا کو روکنے کیلئے مسلسل آنسو گیس کی شیلنگ کررہی ہے۔پولیس دو گھنٹے تک کارکنان کو روکنے کے بعد راستہ دینے پر مجبور ہوئی، پولیس و رینجرز نے جی نائن سگنل سری نگر ہائی وے پر مورچے سنبھال لئے ہیں۔پی ٹی آئی کا قافلہ رکاوٹیں عبور کرنے کے بعد سری نگرہائی وے کی طرف پیش قدمی کررہا ہے۔جی 9 سگنل پر بھی پولیس اور انتظامیہ نے کنٹینرز لگا کر رکاوٹ کھڑی کر رکھی ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس علی رضا علوی آپریشن کو لیڈ کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ علی امین گنڈاپور نے مذاکراتی معاملات پر مکمل خاموشی اختیار کئے رکھی ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی کوئی فیصلہ نہیں کر سکے۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت دھرنے کیلئے حتمی مقام کا تعین کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔مرکزی قیادت میں کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق علی امین نے کہا کہ کارکنان کو اسلام آباد حتمی مقام تک لے جانے کیلئے رابطہ کاری میں مشکل ہو رہی ہے۔اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کاکہنا ہے کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر ہمیں روکنا چاہتے ہیں۔عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے۔ ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں۔ ہم درخواست کر رہے ہیں کہ لوگ پر امن رہیں۔ یہ آپ کے بہن بھائی ہیں جو آ رہے ہیں۔ کارکنان ڈی چوک پہنچیں گے۔اس سے قبل بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے دوسری ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور سے ملاقات کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد کی عمران خان کیساتھ 40 منٹ تک جاری رہنے والی بات چیت میں بیرسٹر گوہر نے احتجاج اور حکومت کی طرف سے آپشنز سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا۔ دوسری اہم ملاقات میں عمران خان نے بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور کارکنوں کیلئے اہم پیغام ریکارڈ کروایا تھا۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویڈیو پیغام سننے کے بعد بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان کا امکان تھا۔ذرائع کے مطابق عمران خان کے ویڈیو پیغام میں حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں