رینجرز کے شہید جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، وزیر داخلہ

Nov 26, 2024 | 13:51

 وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سرینگر ہائی وے پر رینجرز اور پولیس کے جوانوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، حملہ آوروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے رینجرز کے 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، وفاقی وزیر داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی، انہوں نے رینجرز اور پولیس کے زخمی جوانوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ رینجرز کے شہید جوانوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، رینجرز کے شہید جوانوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانیں قربان کیں، رینجرز کے شہید جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، پولیس و رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کے لئے مامور ہیں، انتشاری ٹولے کے ہاتھوں شہید سکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کردی گئیں۔ان کا کہنا ہے کہ انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور آج شہید کیے گئے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلِ خانہ کو جوابدہ ہے، انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں خونریزی چاہتا ہے، یہ پُرامن احتجاج نہیں شدت پسندی ہے اور پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لئے خون ریزی نا قابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونے والے رینجرز و پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

مزیدخبریں