بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی وزیراعظم ہاؤس آمد ہوئی جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر آنے والے بیلا روس کے صدر کی آج وزیراعظم ہاؤس آمد ہوئی جہاں الیگزینڈر لوکا شینکو کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔بیلا روس کے صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جب کہ وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا گیا۔وزیراعظم شہبازشریف اور بیلاروس کے صدرکے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں بیلاروس کے صدرنے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کاشکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اورعلاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان اور بیلا روس کے وفود نے مختلف معاہدوں پر دستخط کیے جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور بیلا روس کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنےمیں مددگارثابت ہو گا۔واضح رہے کہ بیلا روس کے صدر 3 روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان تشریف لائے تھے جب کہ اس سے قبل بیلاروس کے وزیرخارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد پاکستان پہنچا تھا۔