پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے:وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے صدرعزت مآب الیگزینڈر لوکاشینکو نے ملاقات کی .جس کے دوران سیاسی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے وزیراعظم  ہاؤس آمد پر صدر لوکا شینکو کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر صدر لوکا شینکو نے پاکستان میں پر تپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے. آپ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔ملاقات میں سیاسی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور بیلاروس تعلقات کے تمام پہلوؤں میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی فائدہ مند تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے بیلا روس کے صدر کو حکومت پاکستان کی برآمدات پر مبنی نمو  اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی بحالی کی پالیسی کے بارے آگاہ کیا. اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر سے ملاقات میں غزہ میں کشیدگی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور کشمیری عوام کی اپنی آزادی اور خودمختاری کے لیے جدوجہد کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں امن سے ہی خطے میں امن آئے گا۔

واضح رہے کہ بیلاروس کے صدر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر 25 سے 27 نومبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن