وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ قاف نے مجھے اعتماد کا ووٹ دیا، جمہوریت کی بقاء کے لیے مسلم لیگ قاف سمیت دوسری ہمخیال جماعتیں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں ۔ 

یہ بات انہوں نے کراچی میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعظم نے کہا کہ مٹھی بھر لوگ دہشتگردی کی کارروائیاں کرکے ملک کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ۔ ملک کی توانائی کی ضروریات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، رواں سال قومی گرڈ اسٹیشن میں مزید سترہ سو میگاواٹ بجلی شامل ہو جائے گی جس سے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی اس سے پہلے وزیراعظم نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم کو سندھ میں قیام امن اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ امن کے بغیر اقتصادی ترقی ناممکن ہے کراچی سمیت ملک بھر میں قیام امن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ بعد میں وزیراعظم سے گورنر ہاوس میں ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، جس میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور ملکی سیاسی صورتحال زیر بحث آئی ۔ ایم کیو ایم کے رہنما بابرغوری، ڈاکٹر فاروق ستار رضا ہارون اور، دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے ۔

ای پیپر دی نیشن