پرسوں ریلی میں اہم اعلان کرونگا‘ زرداری کو صدر نہیں مانتا‘ ملک کو لٹیروں‘ زرداریوں اور مداریوں سے بچائیں گے: شہباز شریف

Oct 26, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ حکمران ٹولے کی کرپشن، لوٹ مار اور اقرباءپروری ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے، ایک شخص کے جرائم کی سزا پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہی ہے، غربت اور مہنگائی انتہائی کو پہنچ چکی ہے، ملک کو لٹیروں زرداریوں اور مداریوں سے بچائیں گے، پرسوں ریلی مےں اہم اعلان کرونگا، وزیراعلیٰ نے گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ نے ناقص کارکردگی پر سروسز ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قذافی کو معطل کر دیا۔ ڈینگی کے مریضوں کے علاج کےلئے فیملی فزیشنز اور جنرل پریکٹیشنرز کا کردار نہایت اہم ہے، ادارہ صحت عامہ پنجاب کی تنظیم نو کےلئے پلان کو حتمی شکل دی جائے۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں ممتاز احمد، چودھری مسعود احمد اور چودھری سعید احمد گجر نے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) مےں شمولیت کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق ارکان اسمبلی اور لیگی عہدیداروں کے اجلاس مےں 28اکتوبر کی ریلی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں چودھری نثار، سینیٹر پرویز رشید، سعد رفیق، میاں مرغوب، ملک محمد ریاض، مجتبیٰ شجاع، زعیم قادری، مہر اشتیاق احمد و دیگر ارکان اسمبلی اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اقتدار کے اونچے ایوان میں بیٹھے ایک شخص کی ہوس اور حرص نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ حکمران ٹولے کی کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی شہرت کو عالمی سطح پر نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ صادق پلازہ مےں تاجر تنظیموں کے زیراہتمام اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28اکتوبر کو پاکستانی عوام اس ملک مےں غربت، بےروزگاری، لوٹ مار، کرپشن اور اغیار کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والوں کو اقتدار کے ایوانوں سے اٹھا باہر کریں گے اور قومی غیرت اور حمیت کا سودا کرنے والوں، رینٹل پاور کے نام پر اربوں روپے کی لوٹ کھسوٹ اور این آئی سی ایل اور حاجیوں کی جیبیوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو ہر گز معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری آﺅ لاہور مےں آکر دیکھو جہاں تمہاری وجہ سے کاروبار ہے نہ روزگار، لوگوں کے چولہے ٹھنڈے اور فیکٹریوں کی چمنیاں بند ہو رہی ہےں، ایکسپورٹ کے آرڈر کینسل اور دکانوں مےں اندھیرا چھا رہا ہے۔ ایسے مےں پاکستان کی دولت لوٹ کر سوئٹزر لینڈ کے بنکوں مےں رکھنے والے کو صدر پاکستان کہلانے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین برس تک ان حکمرانوں کو مہلت دینے کے بعد اب فیصلے کی گھڑی آن پہنچی ہے اور اب پاکستان کا بچہ بچہ منزل کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔ ذوالفقار کھوسہ، سینیٹر مشاہد اللہ، خواجہ سعد رفیق، مجتبیٰ سجاع الرحمن، حافظ محمد نعمان، میاں عبدالمنان اور نعیم میر نے بھی خطاب کیا جبکہ انعام اللہ خان نیازی نے خصوصی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ریلی سیاسی نہیں ملک کی بقاءاور سلامتی اور چوروں و لٹیروں کو ان کے انجام سے دوچار کرنے کی ریلی ہے۔ وزیراعلی نے تینوں ارکان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کو خوش آئند قرار دےتے ہوئے کہاکہ وہ علاقے کے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ڈینگی ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ تربےتی پروگرام میں تمام فیملی فزیشنز اور جنرل پریکٹیشنرز حصہ لیں گے اور انہیں اس حوالے سے سرٹیفکیٹس بھی جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے بلڈ بنک کے قیام کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ خون دےنے کے خواہش مند ہر فرد کو رجسٹرڈ کےا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت منعقد اجلاس میں ادارہ صحت عامہ کو متحرک اور فعال بنانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اقلیتی ونگ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان آج طوفانوں مےں گھرا ہے، غربت، بےروزگاری اور مہنگائی نے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ 1947ءمےں ہندوﺅں کے چنگل سے آزادی حاصل کی تھی اور آج ملک کو چوروں، لٹیروں، ٹھگوں، زرداریوں اور مداریوں سے بچانا ہے۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ لاہور میںاپنی مصروفیات کے باعث ہیڈ مرالہ کے مقام پر ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی تعمیر کا سنگ بنیادررکھنے کی تقریب میں شرکت نہ کر سکے اور ان کی جگہ خواجہ محمد آصف نے سنگ بنیاد رکھا۔
مزیدخبریں