لاہور (این این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ سیاست میں کرپشن، لوٹا ساز فیکٹری لگانے اور پیسے کی سیاست کے تمام اعزاز رائے ونڈ کو حاصل ہیں، جنکے خلاف سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا پہلے وہ اپنی کرپشن کا حساب دیں، اس فیصلے کے بعد شریف برادران کا 90ءکا جعلی مینڈیٹ عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شریف برادران کبھی چھانگا مانگا کی سیاست کرتے ہیں اور کبھی آئی جے آئی بنا کر مینڈیٹ چراتے ہیں اور اب بھی لوٹوں کے ذریعے حکومت کر رہے ہں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سیاست سے کیا غلاظت صاف کریں گے وہ پہلے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو کر 1990ءکے پیسے لینے کے الزامات کا تو جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد شریف برادران کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ گیا ہے وہ چور مچائے شور کے مصداق بیانات دے رہے ہیں۔