دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ کا مقابلہ کرنے کیلئے جذبہ قربانی کی ضرورت ہے: صدر

کوےت سٹی (عبدالشکور ابی حسن سے) صدر زرداری نے عید الاضحی کے موقع پر سمندر پار پاکستانیوں کو عید مبارک دےتے ہوئے کہا ہے عیدالاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اللہ تعالی کے حکم کی مکمل اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال تسلیم ورضاکی یادگارہے، عظیم شخصےتوں نے اطاعت وایثار اورقربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔ اس عظیم قربانی کو اللہ تعالی نے قیامت تک صاحب استطاعت مسلمانوں پر لازمی قرار دے دیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا قربانی سے ہمارے اندر جاں نثاری، جرات واستقلال اور رضائے الہی کے حصول کے جذبات موجزن رہتے ہیں۔ سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی اصل میں اللہ تعالی کی رضاکے لئے ہرقسم کی قربانی دینے کا عہد ہے جو تقویٰ کی بنیاد ہے اور تقویٰ ہی مقصد حیات ہے۔صدر زرداری نے کہا آج ملک کو دہشت گردی، فرقہ پرستی ،ٹارگٹ کلنگ اور انتہا پسندی جیسے مسائل کا سامنا ہے ان چیلنجزکا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں جذبہ ایثار و قربانی، اخوت و بھائی چارہ، ہمدردی و مذہبی رواداری، امن اور پیار و محبت کے پرچار اور ان اعلی اقدار پر عمل کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں محدود علاقائی، ذاتی اور نسلی ضرورتوں اور بلاوجہ تعصبات اور نفرتوں کو خیر بادکہہ کر ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہیے۔ یہی سیدھی راہ اور وقت کی آواز ہے۔صدر نے مزید کہا اس عید کے موقع پر ہمیں ان لوگوں کی گرانقدرقربانیوں کو بھی یادرکھنا چاہئے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے جان و مال کا نذرانہ دیا آئےے مل کر اس موقع پر عہد کریں ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن