اسلام آباد+لاہور (سٹاف رپورٹر خبرنگار ) پاک فضائیہ نے فضائی مشقوں ”سیفرون بینڈیٹ 2012-13ئ“ کا آغار کردیا۔ مشقوں کی افتتاحی تقریب فضائیہ کے آپریشنل ائربیس پر ہوئی۔ اس موقع پر خطاب میں فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ آجکل کے ہمہ جہت اور تیزی سے تبدیل ہونے والے حالات نے ہمہ وقت تیار اور جنگی تیاری کی حالت میں رہنے کی ضرورت میں اضافہ کر دیا ہے۔ پاک فضائیہ حقیقتاً ملکی دفاع میں کلیدی کردار کی حامل ہے جیسا کہ ہمیشہ سے ہوتا آیا ہے اس نے ملک کو درپیش خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو برقرار رکھا ہے۔ روایتی خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے ان سے کہیں زیادہ خطرناک نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لئے روایتی جنگی تصورات کے ساتھ ساتھ ہمیں غیر روایتی خطرات کو بھی نگاہ میں رکھنا ہوگا۔ ائرچیف نے کہا اس مشق کا بنیادی مقصد دوران جنگ پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں کی صلاحیت میں اضافہ ہے جو کہ تقریباً حقیقی لیکن کنٹرولڈ ماحول میں تربیت فراہم کر رہی ہے۔ فضائیہ کے تمام جدید جنگی اثاثے ایک چھتری کے نیچے جمع کر دیئے گئے ہیں۔ کمبیٹ کمانڈرز سکول کے آفیسر کمانڈنگ نے استقبالیہ خطاب میں شاندار مشق کے لئے پیدا کئے جانے والے ماحول سے آگاہ کیا۔ سیفرون بینڈیٹ ہر تین سال بعد منعقد کی جانے والی مشق ہے جس کا آغاز 20 سال قبل کیا گیا تھا۔
فضائی مشقوں ”سیفرون بینڈیٹ“ کا آغاز‘ خطرناک چیلنجوں کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے : ایئرچیف
Oct 26, 2012