سی این جی کی قیمت میں کمی، سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ ساز ہے: سیاسی، عوامی حلقے

Oct 26, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹر + سٹاف رپورٹر + نیوز رپورٹر) سپریم کورٹ کی جانب سے سی این جی کی قیمت میں کمی کے حکم کو سیاسی اور عوامی حلقوں نے تاریخ ساز فیصلہ قرار دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی منور حسن، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینٹر مشاہد اللہ خان، مرکزی رہنما خواجہ محمود احمد، عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسان وائیں، استقلال پارٹی کے سربراہ سید منظور گیلانی اور تحریک انصاف کے احسن رشید، اعجاز چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، فاروق امجد میر، امین ذکی، شبیر سیال، جمشید اقبال چیمہ، فرخ جاوید مون اور ملک نواز اعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے غریب عوام کو عید کا تحفہ دیا ہے، پوری قوم عدالت عظمیٰ کی شکرگزار ہے جو ریلیف موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو فراہم نہیں سکیں سپریم کورٹ نے فرہم کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ سپریم کورٹ پٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عوام کو ڈاکوﺅں سے بچانے کے لئے اپنی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دے اور پانچ سال میں اضافے کی مد میں وصول کیا گیا اربوں روپیہ غریب عوام کو واپس دلایا جائے۔ اوگرا اور نیپرا نے ملی بھگت سے ہر ہفتے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سی این جی کی قیمت میں تقریباً 31 روپے کمی کے حکم کو شہریوں نے سراہا ہے اور کہا ہے کہ جو کام حکومت نہ کر سکی وہ کام عدلیہ کر رہی ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں شہریوں وحید اظہر جٹ، جاوید چٹھہ، عمر عادل، مدثر چودھری، فرحان چودھری، رضوان رضی، شہزاد، حسن ندیم سمیت دیگر نے اس فیصلے کو عوامی قرار دیا۔ شہریوں نے حکومت کو شدید الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب عوام کھوکھلے نعروں والی سیاسی جماعتوں کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے، شہریوں نے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ بجلی، گیس، پانی اور دیگر یوٹیلٹی بلوں پر عائد اضافی رقم بھی ختم کروائی جائیں۔

مزیدخبریں