پشاور (ثناءنیوز) صوبہ خیبر پی کے میں غیر قانونی افغان سم کارڈز کی خرید و فروخت پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگا دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دفعہ 144کے نفاذ سے اغوا برائے تاوان و بھتہ خوری کی وارداتوں پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور سید ظہیر الاسلام کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 فی الحال ایک ماہ کے لئے لگائی گئی ہے۔ لیکن، اس میں ضرورت کے مطابق توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ اعلامیے کے مطابق مذکورہ دفعہ کی خلاف ورزی کی صورت میں دفعہ 188کے تحت کارروائی کی جائے گی۔غالباً اور امکانی طور پر یہ اقدام اس تحقیقاتی رپورٹ کے بعد اٹھایا گیا ہے جو جمعرات کو قومی احتساب بیورو نے پشاور ہائی کورٹ میں جمع کرائی تھی اور جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں اور صوبہ خیبر پی کے کے چند علاقوں میں افغانستان کی کمپنیوں کے ذریعے آپریٹ ہونے والے 40ہزار سم کارڈز کام کررہے ہیں۔پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس اسد اللہ خان چمکنی پر مشتمل 2رکنی بینچ غیر قانونی افغان سم کارڈز کے استعمال پر ازخود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ افغان سمز انٹرنیشنل رومنگ کے ذریعے آپریٹ کی جارہی ہیں اور ان کا زیادہ تر استعمال دہشت گردی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں کیا جارہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رومنگ سروسز کے لئے پاکستان میں کام کرنے والی ٹیلی فون کمپنیز کے پاس کوئی تحریری معاہدہ موجود نہیں۔