کراچی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سینیٹر اسحاق ڈار نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں سیاسی صورتحال، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کے درمیان تعلقات، کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی حکومت ایم کیو ایم کی قیادت سے کراچی آپریشن پر انکے تحفظات دور کریگی اور دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کی جائیگی اور آئندہ چند روز میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کراچی آئیں گے اور ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات بھی کریں گے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بھی متحدہ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹرفاروق ستار کو ٹیلیفون کرکے سیاسی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چودھری نثار علی نے کہا کہ کراچی آپریشن کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں ہو رہا۔ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹیاں قائم کرنے کا مطالبہ درست ہے کراچی کیلئے ایسی کمیٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائیگا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیر داخلہ کو نائن زیرو آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
اسحاق ڈار/ فون