ایم کیوایم کا آنا جانا اسلام آباد کی بارش کی طرح ہے: منظور وسان

Oct 26, 2014

حیدر آباد(این این آئی)سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظورحسین وسان نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کا حکومت میں آنا جانا اسلام آباد کی بارش کی طرح ہے، الطاف حسین عقل مند سیاستدان ہیں،ابھی غصے میں ہیں،کچھ دنوں میں غصہ کم ہوجائے گا۔ کراچی کے بعد اگلے مرحلے حیدرآباد اور سکھر جیلوں میں بھی جیمبرز لگائے جائیں گے۔وہ ہفتہ کو حیدر آبادمیں ناراجیل کے پاسنگ آئوٹ پریڈکے موقع پر خطاب اورمیڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ منظور وسان نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پورے ملک میں جنگ لڑی جارہی ہے۔ سندھ میں بھی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت ختم کر کے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کراچی سینٹرل جیل پر حملے کی اطلاعات تھی، ہم سمجھتے تھے کہ بارودی مواد سے بھرا ٹرک کراچی سینٹرل جیل سے ٹکرایا جائیگا لیکن حملے کے لئے سرنگ بنانے والا تجربہ ہمارے لئے نیا تھا، اس سلسلے میں سرنگ غوثیہ کالونی سے بنانی شروع کی گئی، کراچی جیل توڑنے کی کوشش کے واقعے میں یقیناً کوئی جہادی تنظیم ملوث ہوگی، اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں اور 5 ملزمان بھی گرفتارکئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد سینٹرل جیل کراچی میں سرنگ بنا نے کے بعد اسی طرز کی کارروائیاں دیگر جیلوں میں بھی کرنا چاہتے تھے ۔جیل کے ا ندر اور باہر سیکورٹی مسائل کا سامنا ہے۔کراچی جیل میں جیمرز لگائے گئے ہیںاور اب اگلے مرحلے میں حیدرآباد اور سکھر کی جیلوں میں بھی جیمرز لگائے جائیں گے۔

مزیدخبریں