عمران ملک دشمنوں کا ایجنڈا آگے بڑھا رہے ہیں : احسن اقبال

Oct 26, 2014

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلا کر ملک دشمنوں کا ایجنڈا آگے بڑھا رہے ہیں۔ عمران خان کو پاک چین کوریڈور کی مخالف قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ عمران خان پہلے نیا خیبر پی کے بنا کر دکھائیں پھر نئے پاکستان کی بات کریں۔   وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا  ہے کہ گیس قلت دور کرنے کیلے ایل این جی ٹرمینل فروری تک مکمل ہو  جائے گا، سب سے زیادہ گیس چوری کرک میں ہو  رہی ہے،عمران خان کے 30 نومبر کو  اسلام آباد آنے کی دوبارہ کال ایک سازش ہے۔ ہفتہ کو انرجی تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپی کے حکومت گیس چوری روکنے میں ناکام ہے، سب سے زیادہ  گیس چوری کرک میں  ہو  رہی ہے جسے ابھی تک نہیں روکا جا  سکا اور گیس چوری کی وجہ سے ملک میں گیس کی قلت  پیدا ہو  رہی  ہے جسے دور کرنے کیلئے ایل این جی ٹرمینل فروری تک مکمل ہو  جائے گا  اور اس سے گیس کی کمی پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا پاک چین راہداری منصوبہ سے 10 ہزار 4  سو میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی اور مزید بجلی پیدا کرنے کیلئے بھاشا ڈیم کیلئے بھی فنڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام  عمران خان کی منفی سوچ کو مسترد کرچکے ہیں اب پھر انہوں نے 30 نومبر کو  لوگوں کو دوبارہ  اسلام آباد آنے کی کال دے دی ہے یہ ملک کے خلاف ایک سازش ہے۔

مزیدخبریں