لاہور+کراچی (کامرس رپورٹر+ این این آئی) صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ 7 دنوں کے دوران سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں 2 روپے سے 20 روپے، برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 5 روپے اضافہ ہو گیا۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق لہسن دیسی 4 روپے اضافے سے 126 روپے، ادرک تھائی لینڈ 20 روپے اضافے سے 166، ادرک سنگاپور 15 روپے اضافے سے 188 روپے، پھول گوبھی 19 روپے اضافے سے 58 روپے، سیب میدانی 8 روپے اضافے سے 66 روپے، انار بدانہ 5 روپے اضافے سے 186 روپے، انار دیسی 10 روپے اضافے سے 120 روپے، سیب کالا کولو اول 6 روپے اضافے سے 116 روپے، سیب کالا کولو دوئم 7 روپے اضافے سے 58 روپے، انار قندھاری اول کی قیمت 8 روپے اضافے سے 176 روپے، انار قندھاری دوئم 6 روپے اضافے سے 126، انگور گولہ 10 روپے اضافے سے116، انگور سندرخانی 14 روپے اضافے سے 193، انگور ٹافی 2 روپے اضافے سے 172 روپے کلو، میٹھا 16 روپے اضافے سے 106 روپے درجن، امرود 8 روپے اضافے سے 74 روپے کلو ہو گیا جبکہ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 5 روپے اضافے سے 162 روپے ہو گئی۔ دریں اثناء یوٹیلٹی سٹورز پر ایک سال کی مدت کے دوران ایک کلو چینی کی قیمت میں 15 روپے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 135 روپے، ایک کلو دال چنا کی قیمت 7 روپے، 450 گرام چائے کے پیکٹ کی قیمت میں 32 روپے اضافہ ہوا۔ اس حساب سے چینی 60، 20 کلو آٹے کا تھیلا 760، دال چنا 77 روپے کلو اور 450 گرام چائے کا پیکٹ 257 روپے ہو گیا۔
دریں اثنا پاکستان بیورو شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق رواں ماہ کے چوتھے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.33 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.36 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، 8 ہزار روپے تک کی ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے 24اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قیمتوں کا حساس اعشاریہ 0.36 فیصد کمی سے 208.38 پو ائنٹس تک پہنچ گیا جبکہ کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کاحساس اعشاریہ 0.33 فیصد کمی سے 215.86 پوائنٹس ہوگیا، اس ہفتے کے دورا ن گڑ ، تازہ دودھ، دھی، گندم، انڈے،مونگ، ماش، مسور کی دال ،ویجی ٹیبل گھی اورسرخ مرچ سمیت 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹماٹر،آلو،کیلا، زندہ مرغی، چینی ،چنے کی دال، ادرک ،مٹی کاتیل ، اور ایل پی جی سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور پٹرول ،ڈیزل ، گیس نرخ ، آٹا ، اری چاول ، خوردنی تیل ، باسمتی چاول،بیف ،ملک پاڈر ، نمک ، بجلی کے نرخ ،مٹن، باسمتی چاول ، چائے ، کپڑے اورکھلا گھی سمیت 30 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔