جمہوری قوتیں متحد ہیں، استعفے مانگنے والے خود دے چکے: مشاہد اللہ

Oct 26, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سنیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ دھرنوں کی سیاست سے جہاں عوام کو یہاں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اس صورتحال پر خاصے پریشان تھے۔ بیرون ملک دوسرے لوگ پوچھتے رہے کہ پاکستان کی معیشت سنبھلنے لگی اور توانائی کا بحران حل کرنے کیلئے پوری رفتار سے کام ہو رہا تھا پھر کس کے اشارے پر فساد ڈالا گیا۔ نوائے وقت سے گفتگو میں انہوں نے کہا بیرون ملک پاکستانی یقین رکھتے ہیں کہ شریف کی قیادت میں پاکستان بحرانوں سے نکل جائے گا۔ جھوٹ کی سیاست نے دم توڑ دیا ہے، استعفے مانگنے والے خود استعفے دے چکے ہیں۔ پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اکٹھی ہو چکی ہیں اور دھرنے والوں سے بھی توقع رکھتی ہیں کہ وہ سیدھے راستے پر آ جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا استعفوں کی منظوری کا معاملہ سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ہے، ہمیں ان کی دانائی پر اعتماد کرنا چاہئے، وہ اس معاملے کو بردباری سے حل کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں