اسلام آباد (این این آئی+ پ ر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ اور دیگر دشمن قوتیں مسلمانوں کو کمزور کرنے کیلئے مسلمان ممالک اور شخصیات پر دہشت گردی کے الزامات لگا رہی ہیں۔ عالمی استعمار پاکستان کو عراق اور شام کی طرح تماشا بنانا چاہتا ہے۔ عالمی ایجنڈا ہے کہ پاکستان کے جغرافیہ کو تبدیل کر دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصارالامہ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل سے ملاقات کے دوران کیا۔ سراج الحق نے مولانا فضل الرحمن خلیل پر امریکہ کی طر ف سے عالمی دہشت گرد قرار دینے اور ان پر پابندیاں عائد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ امریکہ افغانستان میں شکست کے بعد اس خطے سے فرار ہو رہا ہے۔ امریکہ نے دہشت گردی کیخلاف جو جنگ شروع کی تھی وہ ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن خلیل نے سوویت یونین کے خلاف دفاع وطن اور تحریک کشمیر میں تحفظ پاکستان کی جنگ لڑی ہے۔ آج بنگلہ دیش میں ان رہنمائوں کو سزائیں دی جا رہی ہیں جنہوں نے متحدہ پاکستان اور ملک ٹوٹنے سے بچانے کیلئے جدوجہد کی۔ سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ دینی جماعتیں بھی بہت بڑی قوت ہیں، یہ اگر اکٹھی ہو جائیں تو دینی جماعتوں کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ دریں اثناء خیبر پی کے میں ضلع صوابی کے علاقے پنج پیر میں جماعت اشاعت التوحید کے سالانہ اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کادور گزر چکا، مسلم لیگ ن کا دور بھی جلد ختم ہوجائے گا۔ اب تیری باری میری باری نہیں بلکہ اب باری اسلامی تحریکوں کی ہے۔ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الاللہ کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آگیا ہے۔ اسلامی نظام کے نفاذ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 21 نومبر سے مینار پاکستان میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام اجتماع عام میں لاکھوں لوگ شریک ہوکر ایک مرتبہ پھر تحریک پاکستان کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اہل اور دیانتدار قیادت فراہم کرنے کے لئے جماعت اسلامی میدان میں آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان چاند پر قدم رکھ چکا ہے جبکہ ہمارے بچے تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، لیکن ہم یہ صورتحال مزید برداشت نہیں کریں گے۔