ریلوے کا آمدن میں اضافے کیلئے سٹیشنوں اور ٹرینوں میں تشہیر کا فیصلہ

Oct 26, 2015

لاہور (میاں علی افضل سے) محکمہ ریلوے نے آمدن میں اضافے کیلئے ملک بھر کے مختلف ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں میں تشہیر کا فیصلہ کیا ہے پاکستان ریلوے کی تمام اہم ٹرینوں پر مختلف کمپنیوں کے اشتہارات لگائے جائیں گے قومی پرچم اور پاکستان ریلوے کے لوگو کی مناسبت سے زیادہ تر کوچز اور انجنوں کا رنگ سبز اور پیلا ہے جسے تبدیل کیا جا رہا ہے اور اب مختلف اشتہارات لگا کر ٹرینوں کو رنگین بنایا جائیگا۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے ابتدائی طور پر 24ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں پر ایڈوٹائزنگ بورڈ، اشتہارات، بینرز، فلیکس اور سٹیکرز لگائے جائینگے جن میں 12ٹرینیں اور 12ریلوے سٹیشن شامل ہیں جبکہ سٹیشنوں اور ٹرینوں کے اندر ایل سی ڈیز بھی لگائی جائے گی جن پر مسلسل مختلف کمپنیوں کے اشتہارات چلائے جائیں گے۔ ٹرینوں اور سٹیشنوں میں تشہیر کیلئے پاکستان ریلوے ایڈوائزری اینڈ کونسلٹی سروس کو خصوصی احکامات دئیے گئے ہیں جس پر کوششیں تیز کر دی گئی ہیں اور پروجیکٹ کو دسمبر تک مکمل کئے جانے کا امکان ہے جن ریلوے سٹیشنوں میں ایڈورٹائزنگ کی جائے گی ان میں کراچی سٹی ریلوے سٹیشن، کراچی کینٹ، لانڈھی، حیدرآباد، روڑھی، ملتان، خانیوال، راولپنڈی، وزیر آباد، پشاور اور کوئٹہ ریلوے سٹیشن شامل ہیں جبکہ ٹرینوں میں گرین لائن، خیبر میل، تیز گام، علامہ اقبال ایکسپریس، حضرہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس قراقرم ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، جعفر ایکسپریس اور ریل کا ر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان ریلوے کی جانب سے آمدن میں اضافے کے لئے مختلف اقدامات جاری ہیں اور رواں سال ریلوے 38ارب آمدن کے ٹارگٹ کیلئے کوشاں ہے۔

مزیدخبریں