فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے28 اکتوبر کو اور صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ کے مخالف دھڑے کے قائد سابق میئر مسلم لیگ سینٹرل کمیٹی کے رکن چوہدری شیر علی کی طرف سے 29 اکتوبر کو اقبال پارک دھوبی گھاٹ میں ہونے والے جلسوں کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ایک خط کے ذریعے ہدایت جاری کردی۔ ذرائع کے مطابق یہ پابندی الیکشن کمیشن کی طرف سے طے شدہ ضابطہ کے مطابق الیکشن کمیشن فیصل آباد نے لگائی ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن فیصل آباد کاکہنا ہے بلدیاتی امیدوار کارنر میٹنگ تو منعقد کرسکتے ہیں مگر بڑے میدانوں میں جلسہ کرنے پر پابندی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے28 اکتوبر کو اور میئر گروپ کے قائد چوہدری شیر علی کی طرف سے29 اکتوبر کو اقبال پارک دھوبی گھاٹ میں جلسوں کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سہ پہر تین بجے صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ کی طرف سے ایوب کالونی جھنگ روڈ پر ایوب ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے عقب میں مختلف یونین کونسلز کے مسلم لیگی امیدواروں کے جلسہ سے خطاب کرنا تھا لیکن شدید بارش کے باعث رات گئے تک یہ جلسہ منعقد نہیں کیا جا سکا۔