گوادر، مٹیاری، اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں ٹریفک حادثات،21 افراد جاں بحق

Oct 26, 2015

اوکاڑہ/ سرگودھا/ بہاولنگر/ کنجوانی/ گوادر/ سوات (نامہ نگاران+ نوائے وقت نیوز+ آن لائن) گوادر میں بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہو گئے ایک ٹرک الٹنے سے 3افراد دم توڑ گئے جبکہ مٹیاری، بونیر اور دیگر شہروں میں ٹریفک حادثات میں 21افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق گودار میں کوسٹل ہائی وے پر بڑی ٹاپ کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب بونیرسے سوات آنی والی کار کڑاکڑکے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں ایک بچی ماہ نور اور ڈرائیور عباس جاں بحق ہوگئے جبکہ گاڑی میں سوار دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔ اوکاڑہ میں کرمانوالہ کے قریب لاہور کے رہائشی خاندان کے افراد ساجد، اسکی والدہ نسیم بی بی اور بہن اقراء بی بی موٹر سائیکل پر چک نمبر 56 ای بی عارف والا سے لاہور واپس جا رہے تھے جب وہ اڈا کسان کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکل بے قابو ہوکر ٹرالر کے نیچے جا گھسا جس سے تینوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ گجرات سرگودھا روڈ پر تیزرفتار کار نے موٹر سائیکل سوار ماں سکینہ بی بی اور بیٹا ساجد کو بُری طرح کچل دیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جارہے تھے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ بہاولنگر کے محلہ اسلام پورہ کی رہائشی نسیم بی بی اپنی پانچ سالہ بیٹی خدیجہ، تین سالہ علیزہ کو لیکر اپنے بھتیجے سلمان عزیز کے ہمراہ موٹر سائیکل پر چشتیاں جا رہے تھے کہ مین روڈ پر رمنا فیکٹری کے قریب سامنے سے آنیوالے تیز رفتار ہائی ایس ڈالہ نے ٹکر مار دی ۔ جس سے پانچ سالہ خدیجہ اور اُسکی والدہ نسیم بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ کنجوانی میں محنت کش جہانگیر انصاری کا 7 سالہ بیٹا علی حیدر گھر کے سامنے گلی میں کھیل رہا تھا اچانک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے اسے ٹائروں تلے روند ڈالا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں گوادر سے کراچی جانے والا ٹرک الٹ گیا جس کے باعث 3 افراد دم توڑ گئے۔ ادھر مٹیاری میں ہالا کے قریب زائرین کی بس الٹنے سے چار افراد جاں بحق اور 14زخمی ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق زائرین شاہ نورانی درگاہ سے واپس آ رہے تھے جاں بحق افراد کا تعلق ہالہ سے ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں