کراچی (آئی این پی+ آن لائن) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے جنرل راحیل شریف اچھا کام کر رہے ہیں، انہیں مدت ملازمت میں توسیع ملنی چاہئے۔ 99ء اور آج کے نوازشریف میں کوئی فرق نہیں‘ اچھے کام کریں تو تاحیات وزیراعظم رہ سکتے ہیں۔ انہیں لوگوں کی غربت دور کرنے کیلئے اچھے اقدامات کرنے چاہئیں۔ برہمداغ بگٹی کو پاکستان مخالف ممالک کی ایجنسیز سپورٹ کرتی ہیں۔ یہ پاکستان کا دشمن ہے ‘ماحول تبدیل ہوگیا ہے‘ ماضی کے ہیرو اب ولن بن گئے ہیں‘ کراچی میں زیادہ تر کلنگ پختون اور مہاجر کے درمیان ہوتی تھیں جس میں اے این پی ملوث ہوتی تھی‘ کراچی آپریشن درست سمت میں جا رہا ہے‘ باقاعدگی سے عدالتی سمن ملتے ہیں‘ 9 مرتبہ عدالت میں پیش ہو چکاہوں نریندر مودی کا ذہنی توازن درست نہیں۔ نجی ٹی وی کو دئیے ایک انٹرویو میں سابق صدر نے کہا براہمداغ بگٹی را سے ملتے ہیں‘ میں نے خود تصاویر دیکھی ہیں‘ یہ پاکستان کا دشمن ہے اس کو ہماری دشمن ایجنسیز سپورٹ کرتی ہیں۔ اسکا بھارت میں گھر بھی ہے وہ بھلا پاکستان کا کیسے خیرخواہ ہوسکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات سے انٹیلی جنس رپورٹ آئی تھی بے نظیر کو پاکستان آنے پر قتل کئے جانے کا خدشہ ہے۔ ہماری انٹیلی جنس نے بھی بی بی کو بتایا اور میں نے بھی انہیں فون کر کے ان پر ممکنہ قاتلانہ حملوں کے بارے میں بتایا تھا۔ مجھے یقین نہیں لیکن ہو سکتا ہے مارک سیگل زرداری کے کہنے پر مجھے اور آرمی کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہو۔ حافظ سعید اور ذکی الرحمن لکھوی فریڈم فائٹر ہیں یا دہشت گرد اس پر میں کوئی کمنٹ نہیں دے سکتا۔ آن لائن کے مطابق پرویز مشرف نے کہا نوازشریف اچھی گورننس کریں فوج ان کے ساتھ ہو گی، میرے نزدیک سب سے پہلے پاکستان ہے، کسی جماعت کی مخالفت یا حمایت نہیں کرتا، زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کارروائی ہونی چاہئے۔