یونس خان کی 31 ویں ٹیسٹ سنچری، 9 ہزار رنز بنانیوالے پاکستانی بن گئے

Oct 26, 2015

دبئی (نیوز ایجنسیاں) قومی ٹیم کے بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں کیرئر میں 31 ویں سنچری بنا لی۔ وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانیوالے ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے ٹیسٹ کیرئر کے 9 ہزار رنز بھی مکمل کر لئے۔ وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 9 ہزار رنز بنائے ہیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے عمررسیدہ بلے باز بھی بن گئے۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق یونس خان نے دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جاری انگلینڈکے خلاف ٹیسٹ کے چوتھے روز ٹیسٹ سنچری سکور کی، ٹیسٹ کرکٹ میں یونس خان کی یہ 31ویں سنچری ہے۔ یونس خان ٹیسٹ کیریئر کا 103واں میچ کھیل رہے اور 54 اعشاریہ 56کی اوسط سے 9ہزار سے زائدرنز بنا چکے ہیں جس میں 30 نصف سنچریز بھی شامل ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف یونس خان کی یہ تیسری سنچری ہے۔ محمد یوسف نے پاکستان کی طرف سے انگلینڈکے خلاف سب سے زیادہ 6 سنچریاں بنائی ہیں۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے والے 10کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں، یونس خان واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جو اس فہرست میں شامل ہیں۔بھارت کے سچن ٹنڈولکر 51 سنچریز کے ساتھ ٹاپ پر ہیں جبکہ کیلس 45 اور رکی پونٹنگ 41 سنچریز کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 9 ہزار رنز مکمل کرنے والے عمررسیدہ بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے 37برس اور 329 دن کی عمر میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ یونس نے 2000ءمیں ٹیسٹ کیرئر کا آغاز کیا تھا۔یونس خان نے کہا ہے کہ میرے بیٹ سے نکلا ہر رن اپنے ملک کے لئے ہے۔ خلیجی اخبار کو انٹرویو میں میانداد کا ریکارڈ توڑنے پر ستائش نہ ہونے کے سوال پر یونس خان نے کہا کہ جہاں خوشی نہیں منائی گئی وہاں سے پوچھا جائے، مجھے اس کی پروا بھی نہیں ہے، میں نے یہ اعزاز حاصل کیا اور جو کوئی بھی مجھے اس پر سراہے گا خوشی ہوگی، یہ صرف میرے نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے ریکارڈ ہے، ہم سب کو اس پر فخر محسوس ہونا چاہئے۔ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ پاو¿ں گا لیکن اب جبکہ میں ایسا کرچکا تواس پر غرور نہیں کروں گا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ٹیم ان سمیت مصباح الحق پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے تو یونس خان نے کہا کہ ہم یہ بات سمجھتے اور اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہیں مگر آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ٹیم مجھ پر انحصار کرتی ہے، ہم دونوں سینئر کھلاڑی اور میں چاہتا ہوں کہ ہر بار ویسا پرفارم کروں جس کی مجھ سے توقع کی جاتی ہے۔ یونس خان نے نوجوان اوپنر شان مسعود کو تسلسل کے ساتھ مواقع فراہم کرنے کی بھی حمایت کر دی۔ مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے۔ وہ پانچ روزہ کرکٹ میں زیادہ چھکے لگانے والے دنیا کے 18 بلے باز ہیں، مصباح نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 4 چھکے لگا کر ہم وطن بلے باز یونس خان، کیپل دیو، مہیلا جے وردھنے اور کارل ہوپر کے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ یونس خان 60 چھکے لگا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ چھکے لگانے کا عالمی اعزاز ایڈم گلکرسٹ کو حاصل ہے، انہوں نے سو چھکے لگا رکھے ہیں۔میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر یونس خان نے خبر دار کیا ہے کہ انگلینڈ دبئی ٹیسٹ جیتنے کی پاکستانی کوششوں میں حائل ہو سکتا ہے۔آج کھیل کے جلد ختم ہونے کا امکان نہیں۔میں نے ہمیشہ کہا کہ یہ وہ انگلش ٹیم نہیں جو سپن کے ہاتھوں ہار مان لے۔یہ مزاحمت کی بھرپور صلاحیت رکھنے والی ایک مختلف ٹیم ہے، ایسے میں ہمیں میچ جیتنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی۔جوروٹ یارک شائر کا یہ نوجوان سپن کو بہت اچھے انداز سے کھیل رہا ہے اور یہ میرے لیے بہت ہی شاندار ہے۔ وہ بیٹنگ کرنے کے ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔میرے پاس زیادہ وقت نہیں لہذا میں ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہوں۔میں نے ہمیشہ کہاکہ میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوا۔میں ون ڈے میں بھی اچھی پرفارمنس دکھانا چاہتاہوں۔ میں ایک دن ضرور ون ڈے کرکٹ کھیلوں گا۔چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے یونس خان کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

یونس / مصباح

مزیدخبریں