جنیوا (اے پی پی) پاکستان نے بین الاقوامی امن وسلامتی کو یقینی بنانے کیلئے بالائی خلاء کو ہر قسم کے ہتھیاروں سے پاک کرنے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تحفیف اسلحہ اور بین الاقوامی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جینیوا میں اقوام متحدہ کے مشن کیلئے پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ خلائی ہتھیاروں کی ترقی اور تنصیب علاقائی امن اور سلامتی کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے ،بعض ممالک اینٹی بیلسٹک میزائل اور دیگر خلائی ہتھیاروں کیلئے اپنے وسائل مختص کررہے ہیں یہ عمل عالمی امن اور سلامتی کیلئے پریشان کن ہے۔انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک اپنے وسائل پسماندہ علاقوں میں معاشی اور مواصلاتی ترقی کیلئے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کئی ریاستیں خلائی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہورہی ہیں جس سے ان کے اپنے ملٹری اثاثوں،سویلین آبادی،سلامتی اور قیام امن کی کوششوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ترقی یافتہ ممالک کو ایسی غلطیاں کرنے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے خلائی اسلحے کی دوڑ کی مخالفت کرتا ہے۔