لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ پاکستان ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد جاپان کو چار تین سے شکست دی۔ ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں جاری ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ کے پانچویں منٹ میں عرفان جونیئر نے پاکستان کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ پانچ منٹ کے بعد جاپان کے تاناکا نے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ 12 ویں منٹ میں نلٹی کارنر پر محمد علیم بلال نے گول کر کے پھر پاکستان ٹیم کو برتری دلا دی۔ 30 ویں منٹ میں جاپان کے تاناکا نے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ 36 ویں منٹ میں رضوان سینئر نے بال کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ تین دو کر دیا۔ 52 ویں منٹ میں پاکستان کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر محمد علیم بلال نے گول کر کے مقابلہ چار دو کر دیا۔ دو منٹ بعد ہی جاپان کی ٹیم کو پنلٹی سٹروک ملا جس پر زندانا نے بال کو جال کی راہ دکھا کر ایک گول کا خسارہ کم کیا تاہم میچ کا مقررہ وقت ختم ہونے تک مزید کوئی گول کرنے میں ناکام رہی۔ پاکستان ٹیم نے میچ چار تین سے اپنے نام کر لیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ کل بروز جمعرات کو چین کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔
ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان نے جاپان کو ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کر لی
Oct 26, 2016