دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا قلع قمع کیا جائے‘ فاروق ستار

کراچی ( خصوصی رپورٹر )متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں  کے بزدلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حملے میں متعدد پولیس کیڈٹ اور افسران کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر سفاک دہشت گردوں کا حملہ ایک بڑی کاروائی اور کھلی دہشت گردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر بدترین دہشت گردی کے بعد نیشنل ایکشن پلان کو مزید سخت ، موثر ، مربوط اور بلاتفریق کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچے کچے دہشت گردوں کی کمر توڑی جاسکے اور ملک بھر سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرکے قوم کے ایک ایک فرد کی زندگیوں کو تحفظ دیا جاسکے ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا فی الفور قلع قمع کیاجائے۔
فاروق ستار

ای پیپر دی نیشن