بھارتی فائرنگ جاری باپ بیٹے سمیت مزید 3 شہید انڈین ڈپٹی ہائی کمشنرکو طلب کرکے احتجاج

Oct 26, 2016

سیالکوٹ/راولپنڈی / بھمبر (نامہ نگاران+نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت مزید 3 افراد شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔ پنجاب رینجرز نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا ہے ۔لوگوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی بھی جاری ہے ۔ بھارتی فورسز کی طرف سے چپراڑ ، صالح پور ، ریسمی، نندا پور ،جھمیاں سمیت دیگر چپراڑ سیکٹر پر زیرولائن پر واقع پاکستانی دیہاتوں پربلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ صبح دس بجے شروع ہوا جو وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ چپراڑگائوں پر سینکڑوں مارٹر گولے برسائے گئے اور ایک مارٹر گولہ لگنے سے موٹر سائیکل سوار32سالہ عمران ولد نذیر شہید ہوگیا۔ اس سے قبل بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے گائوں پنوال کا 22سالہ وقاص عرف وکی اور اس کا باپ 55سالہ عاشق حسین شہید ہوئے جبکہ پچاس سالہ بشریٰ، 17 سالہ وقاراور دیگرتین شہری زخمی ہوئے تھے جنہیں ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ کنٹرول لائن پر بھمبر سیکٹر میں بھی فائرنگ اور گولہ باری کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ دیر تک جاری رہا۔ چپراڑ کے رہائشی میاں فیاض کے مطابق بھارتی مارٹر گولے لوگوں کے گھروں میں گرے و ر ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔دوسری جانب پاکستان نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور شہریوں کے شہید ہونے پر شدید احتجاج کیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ڈی جی ساؤتھ ایشیا نے دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا جس میں میں کہا گیا بھارت ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔ بھارتی فوج مقامی آبادی پر فائرنگ کررہی ہے جو کسی بھی طور پر قابل برداشت نہیں۔ اگر بھارت نے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے تو پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائیگا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک سالہ بچی سمیت دو پاکستانی شہری شہید ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں