لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ وکلاء کے مطابق پانامہ لیکس کیس میں ٹیکنیکل خامیاں ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وکلاء اعتراضات نہیں اٹھائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔ ہم 2018ء کے الیکشن میں پانامہ لیکس کا بوجھ اٹھا کر حصہ نہیں لیں گے۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر اعتراض نہیں اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے لیڈر اشتہاری ہیں، انہیں اسلام آباد بند کرنے دیں گے نہ شہریوںکو محصور کرنے دیں گے۔ اطلاعات ہیں پی ٹی آئی کا ارادہ ٹھیک نہیں، عمران خان کے پیٹ میں درد سی پیک کی وجہ سے ہے، ملکی خوشحالی کے اس منصوبے کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی۔ پاکستان کو بند کرنے کی بات تو مودی کرتا ہے، عمران خان کی نیت بھی ٹھیک نہیں لگ رہی۔ اسلام آباد میں کفن پہننے اور قبریں کھودنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، ریاستی رٹ قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ریاست اپنی یہ ذمہ داری ضرور نبھائے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے تسلیم کیا ہے کہ ہمارے کارکنوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کر کے غلط کیا تھا اس غلطی پر ہمارے 7آدمی نا اہل ہوئے اگر یہ حملہ نہ ہوا ہوتا تو آج ہمیں باتیں نہ سننا پڑتیں۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کی دھرنے میں عمران خان کی حمایت کا ہمیں ہی فائدہ ہوگا کیونکہ انکا اپنا ایک ٹریک ریکارڈ ہے، لوگ طاہر القادری کو جانتے ہیں کہ انکی کوئی سیاست نہیں ہے۔ پاکستان میں کونسا نظام چلنا چاہیے اسکا قادری صاحب سے کوئی لینا دینا نہیں ،وہ ایک ہی کام کیلئے آتے ہیں جب وہ آئیں گے تو جواز بھی فراہم کر دیں گے۔ ہمیں حکومتوں پر بے رحمی کے ساتھ تنقید کرنی چاہیے، ریڈ لائن عبور نہیں کرنی چاہیے، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے قانون سے ماورا کوئی نہیں اگر کوئی کریگا تو قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
2018 ء کے الیکشن میں پانامہ لیکس کابوجھ اٹھا کر حصہ نہیں لیں گے :سعدرفیق
Oct 26, 2016