لاہور/ اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری نے فیصل آباد ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کی۔ زرداری نے کہا کہ ہم عوام کی سیاست کرتے ہیں، منشور کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ملکی سیاست میں طوفان بدتمیزی برپا ہے، ہم عوام کی سیاست کرتے ہیں منشور کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ گزشتہ انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، گزشتہ انتخابات میں مجھے ایوان صدر سے نہیں نکلنے دیا گیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ بلاول بھٹو بھی اپنی تعلیم کی وجہ سے انتخابی مہم کی قیادت نہیں کر سکے تھے۔ اب بلاول بھٹو انتخابی مہم کی قیادت کرینگے، میں خود انتخابی مہم کی نگرانی کروں گا۔ دھاندلی کرنے والے یہ بات ذہن سے نکال دیں کہ مینڈیٹ چوری کر سکیں گے۔ میں اور بلاول ہر حلقے میں خود جائیں گے۔ نوازشریف نے معیشت کو تباہ کر دیا۔ فیصل آباد میں ٹیکسٹائل صنعت کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ زرعی شعبے کو حکومت نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ دن گئے جب انتخابات کے نتائج چوری ہوتے تھے، اب نتائج چوری ہونے دیں گے نہ آر او الیکشن مانیں گے۔ ماضی میں ایک شخص مچھر کاٹنے سے روتا تھا، مچھر سے ڈرنے والے ہمارا کیا مقابلہ کریں گے۔ پی پی کارکن جیل سے ڈرے نہ پھانسیوں سے گھبرائے۔ قومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ شرجیل میمن کے ساتھ جو ہوا وہ نیب کے اوپر بڑا داغ ہے جب کہ کچھ اداروں میں ابھی تک لاڑکانہ اور لاہور کی الگ سوچ ہے،نئے چیئرمین نیب کا بڑی امیدوں کے ساتھ فیصلہ کیا، امید ہے کہ نیب قانون عام آدمی اور کسی بڑے کے لیے برابر ہوگا، جن کے وارنٹ جاری ہوئے اور جو پیش نہیں ہوئے ان پر ہاتھ نہیں ڈالاگیا، جن کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہوئے ان کو 1 گھنٹے میں ضمانت مل گئی، جن لوگوں کے نیب نے وارنٹ جاری کیے ان کے ساتھ دوسرا سلوک ہوا لیکن ایک شخص خود اپنے آپ کو پیش کرتا ہے، مگر اسے اس طرح گرفتار کیا جاتا ہے، شرجیل میمن کی گرفتاری سے نیب کی بدنامی ہوئی تاہم امید کرتا ہوں چیئرمین نیب جاوید اقبال نوٹس لیں گے،جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو اچھا نہیں ہوگا کیونکہ اداروں کے درمیان جو صورتحال ہے حالات اچھے نہیں تاہم ہم پھر بھی توقع کرتے ہیں کہ جمہوریت ڈی ریل نہیں ہوگی۔ آئین میں نیشنل گورنمنٹ کی کوئی گنجائش نہیں، ایسا اقدام ماورائے آئین ہوگا جب کہ پیپلز پارٹی اس لیے بچی ہوئی ہے کہ پرانے لوگوں کو آگے لے کر آتی ہے، تاریخ بتاتی ہے کہ ماضی میں راتوں رات پارٹیوں کو تبدیل کرایا گیا جب کہ جو جماعتیں اپنا دروازہ کھولتی ہیں ان کے ساتھ یہی ہوتا ہے۔ حکومت مدت پوری کریگی تو جمہوریت مضبوط ہو گی۔ میاں نواز شریف کو ریفرنس کے مطابق گرفتار کرنا چاہئے۔ ایسے حالات نہیں کہ کوئی آئے اور حکومت گرا دے۔ نواز شریف نے میثاق جمہوریت کا بیڑہ غرق کیا۔
زرداری
;;گزشتہ انتخابات میں ہاتھ بندھے تھے‘ اب بلاول مہم چلائیں گے‘ میں نگرانی کروں گا : زرداری
Oct 26, 2017