آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کراچی میں بڑا خلا پیدا ہوچکا ہے جسے ہم سیاسی اتحاد قائم کرکے پر کریں گے ،ٹیکنوکریٹس پر مشتمل قومی حکومت ملک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ جمعرات کے روز دبئی میں آل پاکستان مسلم لیگ کے اجلاس سے خطاب کے دوران پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سے 3 قسم کی صورتحال جنم لے سکتی ہے، ایک صورت حکومت کو تحلیل کر کے نئے انتخابات کروانا ہے، دوسری صورت قومی حکومت تشکیل دی جائے جب کہ تیسری صورت مارشل لا کے نفاذ کی ہے جو ممکن نہیں کیوم کہ پاکستان میں اس وقت ایسی صورتحال موجود نہیں ہے ۔صدر آل پاکستان مسلم لیگ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ فوری انتخابات اور مارشل لا کے امکانات بہت کم ہیں تاہم قومی حکومت قائم ہوسکتی ہے، قومی حکومت سیاسی جماعتوں کو ملا کر بنائی جاتی ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں، ٹیکنوکریٹس پر مشتمل قومی حکومت ملک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نسلی بنیادوں پر سیاست ہو رہی ہے جو انتہائی خطرناک ہے جب کہ کراچی میں بڑا خلاپیدا ہوچکا ہے جسے ہم سیاسی اتحاد قائم کرکے پر کریں گے کیوں کہ یہ وقت کا اہم تقا ضا ہے۔