مقبوضہ کشمیر : بارہمولہ کا محاصرہ مزید چھ نوجوان شہید‘ سانحہ کولگام کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے : ایمنسٹی

Oct 26, 2018

سرینگر(نوائے وقت رپورٹ‘کے پی آئی ‘ نیٹ نیوز) بارہ مولا اور اننت ناگ میں بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں مزید 6نوجوان شہید ہوگئے۔ سرچ آپریشن کے دوران محاصرہ کیا اور نوجوان پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ واضح رہے ایک ہفتے میں فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں اب تک 18سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔سرینگر کے مضافاتی علاقے سوٹھسو کلان نوگام میں فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان 5گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں شہید ہونے والے حزب المجاہدین کے سکالرجنگجو سبزار بشیر عرف ڈاکٹر سیف اللہ خالد اور اس کے ساتھی کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شہید ہوئے ،مجاہدین نے دونوں کو سلامی بھی دی ،جمعرات کو مقبوضہ کشمیر میں دونوں کی شہادت پر احتجاجی ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔وادی میں انٹرنیٹ اور ریل سروس بھی معطل رہی۔دونوں کو سپردخاک کردیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ نماز جنازہ کے بعد لوگوں کی کثیر تعداد نے اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرئے کئے۔ ذرائع کے مطابق سنگم کے ساتھ ساتھ کھرم بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کی وجہ سے ان علاقوں میں کافی دیر تک افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیپر گیس کا استعمال کیا جس کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواریوں کا سامنا کرناپڑا۔ ادھر سید علی گیلانی نے ڈاکٹر سبزار احمد صوفی کے جلوس جنازہ سے اپنے ٹیلیفونک خطاب کے دوران کہا کہ ایک زخم سے ابھی لہو ٹپک ہی رہا ہوتا ہے کہ دوسرا زخم پہلے سے زیادہ گہرا اور تکلیف دہ ہوتا ہے۔ گیلانی نے بھارت کے قبضے سے آزادی حاصل کئے جانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکے مقدس لہو کو کسی بھی صورت میں رائیگان ہونے نہیں دیا جائے گا ۔گورنر ستیہ پال ملک نے واضح کیا ہے کہ جموں کشمیرکی سیاسی جماعتوں کو پاکستان بھارت امن بات چیت کے حوالے سے کوئی بات کرنے کاحق نہیں ہے کیونکہ یہ دو ملکوں کے مابین معاملہ ہے۔میڈیاسے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کشمیری سیاسی جماعتوں کوکوئی حق نہیں امن بات چیت پر کوئی بات کریں،یہ دو ملکوں کی حکومتوںکے درمیان ہے،کیونکہ ہمسایہ ہونے کی وجہ سے یقینابات چیت ہوگی،لیکن سیاسی جماعتیں مذاکراتی عمل میں پاکستان کو لانے کامعاملہ اٹھا ئیں ،یہ نہ کبھی ماضی میں قابل قبول تھا اور نہ اب ہوگا۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کا 27 اکتوبر تک ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے۔انہیں جاوید احمد میر،بشیر احمد کشمیری اور غلام محمد ڈار کے ہمراہ لالچوک چلو کال کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کو پولیس سٹیشن مائسمہ منتقل کردیا گیا۔انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے لارو میں اتوار کو ایک بم دھماکے جس میں سات شہری شہید ہوگئے تھے کی آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور موثر تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آکار پٹیل نے نئی دلی میں جاری ایک بیان میں کہاتنظیم نے بھارت سے بم دھماکے کے تمام ذمہ داروں کو جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ میں ناکامی پر قانون کے کٹہرے میں لانے کامطالبہ کیا ہے۔

کشمیر

مزیدخبریں