ادارے کب تک پی ٹی آئی حکومت کی صورت میں نعش کندھوں پر اٹھائے رکھیں گے: سراج الحق

Oct 26, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی انتشار کا سب سے زیادہ نقصان کشمیر کو اور فائدہ ہندوستان کو پہنچا ہے۔ جن اداروں نے پی ٹی آئی حکومت کی صورت میں ایک لاش کو کندھوں پر اٹھا رکھا ہے وہ کب تک اس کا بوجھ اٹھائیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن نے تحریک آزادی کشمیر کو کنٹینر کی سیاست کی نذر کردیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے شور شرابے میں کشمیریوں کی آواز دب کر رہ گئی ہے۔ جو حکومت خود گڑھے میں گرنے جارہی ہو اسے دھکا دینے کی کیا ضرورت ہے۔ حکومت آکسیجن پر زندہ ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پی کے و سابق رکن قومی اسمبلی صابر حسین اعوان بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے 27ستمبر کو اقوام متحدہ میں تقریر کی، ایک ماہ گزرنے کے باوجود اس شہرہ آفاق تقریر کے کسی ایک جملے پر کوئی عمل نہیں ہوا۔ وزیر اعظم نے امریکہ جانے سے پہلے اور آنے کے بعد قومی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا۔ وزیر اعظم خود تو کوئی عملی قدم اٹھانے کو تیار نہیں مگر روزانہ فتوے دے رہے ہیں کہ جس نے ایل او سی کی طرف قدم اٹھایا وہ غدار ہوگا۔

مزیدخبریں