غیرذمہ دارانہ بیانات پر میڈیا سمیت ہر طبقہ بھارتی آرمی چیف کا مذاق اڑانے لگا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی آزاد کشمیر کے کنٹرول لائن کے علاقوں میں مبینہ کیمپوں پر حملہ کے حوالے سے خیالاتی اعدادوشمار پر دنیا بھر اور بھارت کے اندر بھی جگ ہنسائی، میڈیا سمیت ہر طبقہ مذاق اڑانے لگا۔ صحافی سنیش ایلس فلپ نے ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان حیران کن ہے۔ تاریخ میں پہلی بار دیکھنے میں آیا کہ بپن راوت حقائق کے بجائے خیالاتی اعدادوشمار دے رہا ہے جس سے دنیا بھر میں بھارت ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فوج عموماً نعشیں حاصل کرنے اور مناسب تصدیق کے بعد سرکاری تفصیلات جاری کرتی ہیں، مگر جنرل بپن راوت نے ایسا نہیں کیا اور اب عوام اور منتخب نمائندے بھونڈے بیان پر بھارتی آرمی چیف کا مذاق اڑا رہے ہیں۔صحافی نے پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے مختلف ٹویٹس میں بھارتی آرمی چیف کے بیان کی دھجیاں اڑا دیں۔

ای پیپر دی نیشن