نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی ریاستوں ہریانہ اور مہاراشٹر میں ہونے والے ریاستی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو کامیابی تو ملی ہے لیکن ان کی جماعت متوقع بھاری اکثریت سمیٹنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شیو سینا کا سیاسی اتحاد کامیابی کے بعد دوبارہ اقتدار میں آ گیا ہے۔ریاست مہاراشٹر کی 288 رکنی اسمبلی میں بی جے پی اور شیو سینا اتحاد کو مجموعی طور پر 158 سیٹیں ملنے کی توقع ہے۔ اس مرتبہ بھی بی جے پی اور شیو سینا اتحاد حکمرانی قائم کرنے میں کامیاب رہا ہے کیونکہ اسے حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ 145 نشستوں سے زائد پر کامیابی ہوئی ہے۔ گزشتہ انتخابات میں اسے 185 نشستیں ملی تھیںجبکہ حزب اختلاف کی جماعت انڈین نیشنل کانگریس اور این سی پی اتحاد کو پچھلی بار سے 20 سیٹیں زیادہ ملنے کی امید ہے۔ وہ 105 نشستیں حاصل کرنے کے قریب ہے۔سب سے زیادہ چونکا دینے والے نتائج ہریانہ سے سامنے آ رہے ہیں۔ یہاں حزب اختلاف کی جماعت انڈین نیشنل کانگریس دوسرے نمبر پر رہی ہے۔ ہریانہ کی 90 رکنی اسمبلی میں کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ 46 نشستیں نہیں مل سکیں۔ بی جے پی 40 نشستوں پر رک گئی جبکہ کانگریس کو انتہائی غیر متوقع طور پر 30 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔جبکہ ایک مقامی پارٹی جے جے پی انتخابات میں دس نشستیں جیتی ہے۔