بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم کوکمزورنہیں کرسکتے:عارف علوی

صدرڈاکٹرعارف علوی نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے یکطرفہ اقدامات کوغیرقانونی اور غیراخلاقی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ وقت کاتقاضا ہے کہ بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ تنازعہ کشمیر کو منصفانہ اورپُرامن اندازمیں حل کیاجائے۔باکومیں غیروابستہ ممالک کی تنظیم کے اٹھارہویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرکی متنازعہ حیثیت اورمقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے لئے پانچ اگست کابھارتی اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اوربین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔صدرنے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں حالیہ بھارتی اقدامات کشمیریوں کے حق خودارادیت پر براہ راست حملے کے مترادف ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم کوکمزورنہیں کرسکتے جو بین الاقوامی قوانین کے تحت دیئے گئے ناقابل تنسیخ حقوق کے لئے جدوجہدجاری رکھیں گے جن کی غیروابستہ ممالک کی تحریک متعددمرتبہ توثیق کرچکی ہے۔ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ خطے میں پائیدارامن صرف تصفیہ طلب تنازعات کے حل کے ذریعے ہی حاصل کیاجاسکتاہے جوممالک کی ترقی اورمعاشی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔افغانستان کے بارے میں صدرنے کہاکہ پاکستان نے افغانوں کی زیرسرپرستی افغان امن عمل کی حمایت کرتے ہوئے تنازعہ افغانستان کے سیاسی حل کے لئے سہولت کارکاکرداراداکرنے کے لئے پُرعزم ہے۔مشرق وسطیٰ کی صورتحال پرڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ پاکستان کومشرق وسطیٰ اورخلیج کے علاقے میں پیدا ہونے والی صورتحال پرتشویش ہے اورکشیدگی میں کمی اور سیاسی وسفارتی ذرائع کے ذریعے اختلافات حل کرنے میں مدد کررہاہے۔

ای پیپر دی نیشن