اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے سندھ میں چنگ چی رکشوں کو روٹس پرمٹ نہ ملنے کی شکایت پر تمام درخواست گزاروں کو متعلقہ محکموں میں رابطے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ چنگ چی رکشہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر سندھ حکومت کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی سماعت کے آغاز پر جسٹس عمر عطابندیال نے استفسار کیا کہ اب کیس میں کیا ایشو باقی رہ گیا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتا یاکہ عدالت نے روٹس پر مٹ دینے کا کہا تھا جس پر سندھ حکومت کی جانب سے روٹس بنادئیے گئے ہیں مگر پرمٹ نہیں دئے جا رہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاسندھ حکومت کی رپورٹ میں تو کہا گیا ہے کہ تمام درخواستوں پر فیصلہ کردیا گیا ہے، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتا یا کہ کراچی میں 43 روٹس بنائے گئے ہیں جو بھی درخواست آ ئیگی قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے جس پر عدالت نے تمام درخواست گزاروں کو متعلقہ فورم پر درخواست دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی ۔