بچے نہیں کوئی دھوکہ دے‘  شہریت ایکٹ کیخلاف احتجاج کرینگے: اسد اویسی

Oct 26, 2020

نئی دہلی (نیٹ نیوز) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور جنوبی ریاست حیدرآ باد دکن سے لوگ سبھا کے رکن مولانا اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ ہم بچے نہیں ہیں کہ کوئی ہمیں دھوکا دے سکے۔ بی جے  پی ہمیں الفاظ کے ہیر پھیر  سے بے وقوف نہیں بنا سکتی۔  ہم خواب جانتے ہیں کہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور نان ریذیڈنٹ  انڈین کا مطلب کیا ہوتا ہے۔  انہوں نے یہ باتیں انتہا  پسند ہندو تنظیم اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی نظریاتی طور پر آبیاری  کرنے والی تنظیم آر ایس ایس کے  سربراہ موہن  بھگوت کی ایک تقریر  کے جواب میں کہیں۔ یاد رہے کہ موہن بھگوت نے ناگ پور میں ہندو تہوار سہرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریت ترمیمی  ایکٹ کسی مخصوص مذہبی کمیونٹی کے خلاف نہیں ہے۔  مولانا اسد الدین اویسی نے آر ایس ایس  چیف کو اپنے مخصوص انداز اور کرارے جواب میں کہا کہ اگر یہ مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے تو پھر اس قانون میں سے مذہب سے متعلق تمام شقیں اور ریفرنس ہٹا دیئے جائیں۔  مزید کہا کہ ہم  اس کے خلاف بار بار احتجاج  اور اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جب تک  کہ ایسے قانون موجود  رہیں گے۔ جن میں کہ ہمیں اپنا بھارتی شہری ہونا ثابت کرنا پڑے۔  اپوزیشن جماعت کانگریس آر جے ڈی اور  دیگر جماعتوں کو مخاطب  کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ  ہم اپنے احتجاج کے دوران آپ کی  خاموشی کو نہیں بھولے  ہیں۔  جب بی جے پی کے لیڈر بہار کے علاقے سیمنچل کے لوگوں کو گھس  بیٹھیے کہہ رہے تھے تو کانگریس‘ آر  جے ڈی اور  دیگر اپوزیشن والے خاموش تماشائی بنے۔

مزیدخبریں