لاہور (خصوصی نامہ نگار ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے فرانسیسی صدر کو کند ذ ہن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے انتہا پسندی کو اسلام سے جوڑ کر کم علمی اور کم عقلی کا مظاہر ہ کیا۔فرانسیسی صدر کو چاہیے کہ وہ پہلے اسلام کا مطالعہ کریں،اسلام تو سراسر دین امن ہے اور ہمارے پیارے نبی کی ذات مبارکہ بھی سراپا امن ہے۔اگر انہیں کسی انتہا پسند گروہ سے شکایت ہے تو اس پر تنقید کریں اسلام کو بطور مذہب نشانہ بنا کر انہوں نے مذہبی تعصب کا مظاہرہ کیا۔اس امر کا اظہار انہوں نے جامعہ سلفیہ دعوۃ الحق کوئٹہ میں تحفظ شعائر اسلام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ ساجدمیر کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدرصلیبی نظریات کے حامل ہیں۔ وہ اسلام اور پیارے نبی کو نشانہ بنا ئیں گے تو ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہو گا۔وہ آگ سے مت کھیلیں۔اسلام اور پیارے نبی پر حملے شرانگیزی ہے جس سے انارکی کا دروازہ کھلے گا۔ مغربی ممالک کی حکومتیں نسل پرستی اور اسلام دشمنی کی سرپرستی کررہی ہیں اور یہ عمل ان کے اپنے معاشرے کیلئے کسی صورت ٹھیک نہیں۔