گستاخانہ خاکوں کی اجازت، یورپ منافقانہ قوانین تبدیل کرے: صدر علوی

Oct 26, 2020

اسلام آباد (نیٹ نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یورپ میں ہولوکاسٹ سے انکار کو جرم قرار دینے اور گستاخانہ خاکوں کی اجازت دینے جیسے مکروہ عمل کو منافقانہ قوانین قرار دیتے ہوئے ان کی تبدیلی پر زور دیا ہے۔ ٹویٹر پر جاری پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جب اظہار رائے کی آزادی کے لبادے میں ایسی مذموم کارروائیوں کی اجازت دی جائے تو انتہا پسند فائدہ اٹھاتے ہیں۔ زیادہ تر یورپ میں ہولوکاسٹ سے انکار جرم ہے اور پھر بھی توہین آمیز کارٹونوں کی عوامی نمائش کی اجازت دینے پر اصرارکیا جاتا ہے تو ایسے منافقانہ قوانین کو تبدیل کرنا ہوگا۔ فرانس کو اپنی پالیسی میں تنہائی اور انتہا پسندی کے جال میں پھنسنے کی بجائے اپنی  پوری آبادی کو متحد کرنے کے لئے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران کے جراتمندانہ  بیان کو بھی سراہا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انتہا پسندانہ، مکروہ فلسفے کی حوصلہ افزائی کرنے والا ایک زوال پذیر معاشرہ ہی تعصبات کی اجازت دے سکتا ہے۔ تفصیل کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بی جے پی، ہندوتوا اور آر ایس ایس کے انتہا پسندانہ، مکروہ فلسفے کی حوصلہ افزائی کرنے والا ایک زوال پذیر معاشرہ ہی تعصبات کی اجازت دے سکتا ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر بھارت کے شہر ممبئی کے ایک رہائشی منصوبہ میں مسلمانوں کے حوالہ سے تعصب پر مبنی اشتہار، جس میں کہا گیا ہے کہ جانوروں اور مسلمانوں کو داخلہ کی اجازت نہیں، پر اپنے تبصرہ میں صدر مملکت نے کہا کہ اکیسویں صدی میں ایسے تعصب کو بھارت میں ریاستی حمایت حاصل ہے۔ 

مزیدخبریں