لاہور( اسپورٹس رپورٹر )پریمئر سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے رائونڈ میچز میں کارپٹ سیکٹر کی ٹیموں ہنڈا،یونی فوم، ایبکس، نیٹسول، ڈیسکون اور ڈیجیٹل پلاننگ سروسز نے کامیابی حاصل کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق اتفاق کرکٹ گرائونڈ، ماڈل ٹائون گرینز کرکٹ گرائونڈ اور ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں چھ رائونڈ میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں یونی فوم کی ٹیم نے زلٹیک کی ٹیم کو 91 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ یونی فوم کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنائے۔ عباس علی نے 147 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد عباس نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں زلٹیک کی ٹیم 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عبداللہ ہاشم 40 بناکر نمایاں رہے جبکہ عامر عاشق نت نے مخالف ٹیم کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ عباس علی کو بہترین بلے بازی کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں ہنڈا نے زیفر کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ ایبکس نے آئی سی آئی کو 117 رنز سے شکست دی ۔ ایبکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ سلمان صادق نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ جواب میں آئی سی آئی کی ٹیم 42 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آئی سی آئی کا کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوا ۔ مہدی رضا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ سلمان صادق شاندار کارکردگی دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ چھٹے میچ میںڈیسکون نے ایف بی آر کو 10وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ ایف بی آر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ اظفر زیدی نے 44 رنز بنائے جبکہ وسیم ولیم نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ڈیسکون نے ٹیم نے مطلوبہ ہدف باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ مبشر اقبال نے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ مبشر اقبال کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔