وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کوئٹہ جلسے کے حوالے سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ مکس اچار پارٹی کی سیاسی سرکس پی ڈی ایم کے ہر نئے جلسے میں حواس باختہ قائدین کے ہوشربا انکشافات سے پاکستانی عوام محظوظ ہو رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی تقریر میں جن لاپتہ افراد سے اظہار ہمدردی کیا، ان میں اپنا نام بھی شامل کر لیں تو مناسب ہو گا۔ گزشتہ دس ماہ سے سابق وزیراعظم پاکستان اپنے خاندان، قومی خزانے سے لوٹے کرپشن کے کھربوں ڈالرز اور 100 سوٹ کیسوں سمیت لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں چور دروازے سے داخل ہونے والے نواز شریف آج جمہوریت کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں۔ بلاول زرداری کے خطاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ دو سو روپے کلو انڈوں والے بیان کے بعد بلاول زرداری نے عمران خان پر بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کا مضحکہ خیز بیان داغا ہے۔ سندھ کے وڈیروں کو شاید ہر دوسرا حکمران بھی اپنی طرح قبضہ مافیا ہی لگتا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ آل شریف و آل زرداری کی ڈکشنری میں صحافت، عدلیہ اور سیاست کی آزادی کے معنی ریاستی اداروں کی جانب سے ان خاندانوں کی تابعداری اور چاکری سے منسوب ہیں۔ جس دن سے یہ ریاستی ادارے آزادانہ کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کو لگتا ہے انکا مینڈیٹ چھن گیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے قائدین کے ملک دوستی کے ڈرامے کا ڈراپ سین نزدیک آ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنا اصل ایجنڈا اور ملک دشمنی پر مبنی مکروہ عزائم بے نقاب کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بلوچستان کی آزادی اور علیحدگی کی بات کوئی محب وطن پاکستانی سیاستدان نہیں کر سکتا۔ صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ پی ڈی ایم کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان عالم اسلام سمیت پوری دنیا میں ایک معتبر ملک کے طور پر جانا جاتا ہے اور اسکی وجہ وزیراعظم عمران خان کی مدبرانہ قیادت اور بہترین سفارتکاری ہے۔
مکس اچار پارٹی کی سیاسی سرکس پی ڈی ایم کے ہر نئے جلسے میں حواس باختہ قائدین کے انکشافات سےعوام محظوظ ہو رہے ہیں: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان
Oct 26, 2020 | 18:21