لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے فیصلہ سنا دیا۔ عدالت عالیہ نے لاہور بورڈ کے ملازمین کو دوہزار سولہ کی بجائے 28 فروری 2012 سے مستقل کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں2رکنی بینچ نے رابعہ ارشد سمیت دیگر ملازمین کی اپیل پر حکم جاری کیا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ملازمین کو تقرری کی تاریخ سے مستقل کرنے کی مخالفت کی گئی۔ درخواست گزاروں کے وکیل ملک اویس خالد نے مؤقف اختیار کیا کہ ملازمین لاہور بورڈ میں 28 فروری 2012 کو کنٹریکٹ پر بھرتی ہوئے، تاہم بورڈ نے تاریخ تقرری کی بجائے دوہزار سولہ سے ریگولر کیا۔ ہائیکورٹ سے تقرری کی تاریخ سے ریگولر کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی تھی۔