لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسیاں عوام اور ملک کے لیے تباہ کن، تین برسوں میں پاکستان کئی دہائیاں پیچھے چلا گیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نااہل ہے۔ ثابت ہو گیا کہ حکمرانوں کے پاس ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری گھر گھر ناچ رہی ہے۔ پہلے سے کمزور معیشت تین برسوں میں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔ ملک پر عملاً آئی ایم ایف کی حکومت قائم ہو چکی ہے۔ سودی معیشت اور سرمایہ دارانہ نظام نے ہمارا سب کچھ تباہ کر دیا۔ پاکستان کے مسائل کا حل اسلامی جمہوری نظام میں ہے۔ ملک میں شفاف انتخابات ہونے چاہئیں۔ جمہوریت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور نظام تعلیم کو قرآن و سنت کے تابع کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات انہوں نے سوات میں ورکرز کنونشن، ویلج کونسل، نیبرہڈ کونسل کے امرا کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے 31اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے بے روزگاری مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف پروگراموں میں شرکت کی اور کارکنان جماعت اسلامی کو ہدایات دیں کہ وہ جماعت اسلامی کا منشور گھر گھر پہنچائیں اور لوگوں کو قائل کریں کہ وہ ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے متحد ہو کر ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا پاکستان ہی نہیں پوری انسانیت کی نجات دین اسلام میں ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک پر گزشتہ تہتر برسوں سے مغرب کے ایجنٹ اور سیکولر نظام کے پروردہ حکومت کر رہے ہیں۔ ظلم اور ناانصافی پر خاموشی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ عوام کی گردنوں پر سوار ظالم اشرافیہ سے نجات حاصل کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ نوجوانان پاکستان کو خصوصی طور پر اپیل ہے کہ وہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف خاموش نہ رہیں اور 31اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں۔