ائیر چیف کاکثیر الملکی عسکری مشق ایسز میٹ 2-2021 کا جائزہ

Oct 26, 2021

 اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گزشتہ روز پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے بیس پر جاری کثیر الملکی عسکری مشق ایسز میٹ 2-2021 کا جائزہ لیا۔ پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ ان مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہیں جب کہ برطانیہ اور ازبکستان کی فضائیہ کو بطور مبصر مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ان فضائی مشقوں کا مقصد عسکری حکمت عملی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ کی جنگی استعداد کو بڑھانا ہے۔ علاہ ازیں مشقوں میں شریک فضائی افواج کے مابین حقیقت پر مبنی مربوط ماحول اور عملی آپریشنل منظر نامے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے باہمی تعاون کو مستحکم کرنا بھی ان مشقوں کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ ایسز میٹ مشقیں اس لحاظ سے منفرد ہیں کہ ان فضائی مشقوں میں حصہ لینے والی فضائی افواج بذات خود آپریشنل سرگرمیوں، خواہ وہ دہشت گردی کے خلاف ہوں یا فضائی معرکوں پر مبنی ہوں، کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ موجودہ عالمی سیکورٹی حالات اور ائیر وار فئیر کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے مابین شراکت داری میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر قابل ستائش ہے کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ پاک ترک دوستی مزید مستحکم ہوتی جارہی ہے۔مشترکہ فضائی مشق ایسز میٹ 2-2021 میں پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے جدید جنگی طیاروں اور دیگر سپورٹ عناصر شرکت کر رہے ہیں۔ خطے میں بدلتے ہوئے حالات اور سیکیورٹی کو لاحق خطرات کے تناظر میں پاک فضائیہ دوست ممالک کے ساتھ اس طرح کی آپریشنل مشقوں کا انعقاد باقاعدگی سے کرتی رہتی ہے۔ 

مزیدخبریں